لاہور: (ویب ڈیسک) جنوبی کوریا کی معروف الیکٹرانکس کمپنی نے مصنوعی انسان پیش کر دیئے ہیں جو نہ صرف حقیقی انسان کی طرح بات کرتے ہیں بلکہ سوالات کا فوری جواب دیتے اور تاثرات کا اظہار بھی کرتے ہیں۔
یہ مصنوعی انسان کئی منفرد کام سر انجام دے سکتے ہیں، ان کی یادداشت بھی ہے اور کچھ نیا سیکھنے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔ ویڈیو گیمز کے شوقین افراد جو کھیل کے دوران مختلف مناظر کو محسوس کرنا چاہتے ہیں، یہ روبوٹ اس کیلئے بھی کارآمد ہیں۔
یہ بڑوں اور بچوں کے دوست بھی بن سکتے ہیں، کسی کی دکھی کہانی پر افسوس کا اظہار کریں گے اور مزاحیہ باتوں پر قہقہے لگائیں گے۔ حتی کہ انسان کے ساتھ گزارے لمحات بعد میں اس کو دکھا بھی سکتے ہیں یعنی ہسٹری محفوظ رکھتے ہیں اور ضرورت پڑنے پر سب کچھ یاد دلا سکتے ہیں۔ ان کی یہ خاصیت بوڑھے اور بزرگ افراد جو بھول پن کا شکار ہو چکے ہوتے ہیں ان کیلئے خاصے کارآمد ہو سکتے ہیں۔
یہ نہ صرف خبریں پڑھ سکتے ہیں بلکہ مختلف کرداروں میں بھی ڈھل سکتے ہیں حتی کہ اداکاری بھی کر سکتے ہیں۔ ڈیجیٹل انسان آرٹی فیشل انٹیلی جنس ٹیکنالوجی کے تحت کام کرتے ہیں اس لئے ان میں مزید بہتری کی گنجائش موجود ہے۔