چینی ہیکرز کا حملہ، اسرائیلی میزائل سسٹم کا ڈیٹا چرا لیا

Last Updated On 22 January,2020 09:20 am

نیو یارک: (ویب ڈیسک) ٹیکنالوجی میں دنیا بھر میں اپنی دھاک بیٹھانے والے ملک چین کے ہیکرز نے اسرائیل کے دفاعی میزائل سسٹم کو ہیک کر کے اس کا ڈیٹا چرا لیا۔

امریکی جریدے National Interest کا کہنا ہے کہ چینی ہیکروں نے آئرن ڈوم سے متعلق ڈیٹا اسرائیلی عسکری ٹیکنالوجی کی کمپنیوں کے کمپیوٹروں سے چُرایا۔ یہ ڈیٹا ایرو 3 میزائلوں، فضائی آلات، بیلسٹک میزائلوں اور اسی شعبے میں ٹیکنالوجی کی دستاویزات سے متعلق ہے۔

امریکی جریدے نے استفسار کیا ہے کہ سوال یہ ہے کہ چین اسرائیلی آئرن ڈوم کے بارے میں حاصل ہونے والی اس معلومات کا کیا کرے گا؟

سائبر سکیورٹی سے متعلق لکھاری برائن کریبس کا کہنا ہے کہ امریکی ریاست میری لینڈ میں واقع کمپنی سائبر انجینئرنگ سروس نے چینی ہیکروں کی کارروائی کا پتہ چلایا۔ کارروائی 10 اکتوبر 2011ء سے 13 اگست 2012ء کے درمیانی عرصے میں عمل میں آئی۔ اسرائیل میں دفاعی ٹکنالوجی کی تین بڑی کمپنیوں کے کمپیوٹر نیٹ ورکس کو ہیک کیا گیا۔

برائن کا مزید کہنا تھا کہ انکے خیال میں سائبر حملے کے مرتکب ہیکروں کی فنڈنگ چینی فوج نے کی۔ ریاست ورجینیا میں مینڈینٹ سائبر سیکورٹی کمپنی کے مطابق ہیکروں کا گروپ پیپلز آرمی کے جنرل سٹاف کے سیکنڈ بیورو کے زیر قیادت کام کرتا ہے۔ یہ یونٹ 61398 کے نام سے جانا جاتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ یونٹ امریکی رازوں کو چرانے کے واسطے بھرپور مہم میں مصروف ہے۔ امریکی وزارت انصاف نے گزشتہ برس مئی میں اس یونٹ کے چار مبینہ ارکان کو قانونی طور پر قصور وار ٹھہرایا تھا۔

دوسری طرف صیہونی حکام کو اس بات کا بھی خطرہ لگ گیا ہے کہ جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد ایران اسرائیلی اور امریکا پر حملہ کرنے کے لیے چین کی مدد حاصل کر سکتا ہے۔