پنجاب قیمت ایپ پر چینی کی قیمت اپ ڈیٹ نہیں ہو سکی، ریٹ 70 روپے کلو ہی برقرار

Last Updated On 06 February,2020 09:17 am

فیصل آباد: (دنیا نیوز) روزمرہ کی بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے چیک اینڈ بیلنس اور سرکاری ریٹ پر فروخت کے لیے بنائی جانے والی پنجاب قیمت ایپ پر چینی کی قیمت اپ ڈیٹ نہ ہو سکی۔

پنجاب حکومت کی جانب سے مہنگائی پر قابو پانے اور دکانداروں کی جانب سے اشیاء ضروریہ کی من مانی قیمتوں پر فروخت کو کنڑول کرنے کے لیے پنجاب قیمت ایپ متعارف کروائی گئی تھی، پنجاب قیمت ایپ پر روزانہ کی بنیاد پر اشیاء ضروریہ کی قیمتیں اپ ڈیٹ کی جاتی ہیں جن کا مقصد شہریوں کو سرکاری سطح پر بنیادی ضرورت کی چیزوں کی فروخت کروانا اور شہریوں کو ریلیف دینا تھا لیکن گزشتہ چند دنوں میں چینی کی قیمت میں دو دفعہ اضافہ ہو چکا مگر پنجاب قیمت ایپ پر چینی کی قیمت اپ ڈیٹ نہیں ہو سکی۔

اوپن مارکیٹ میں چینی فی کلو 80 سے 82 روپے فروخت ہو رہی ہے، پرچون کے دکانوں پر چینی 90 روپے کلو تک فروخت کی جا رہی ہے تاہم پنجاب قیمت ایپ پر چینی کی فی کلو قیمت 70 روپے ہی لگائی گئی ہے۔

پنجاب قیمت ایپ پر ضلع ملتان میں فی کلو چینی کی قیمت ہی نہیں رکھی گئی، فیصل آباد، لاہور، سرگودھا سمیت باقی اضلاع میں بھی 70 روپے چینی فی کلو دکھائی جا رہی ہے۔ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ، پنجاب قیمت ایپ کو اپ ڈیٹ ہی نہ کر سکا۔