لاہور: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں موبائل فون کمپنیاں نت نئے موبائل لا کر اپنی حریف کمپنیوں کو پیچھے چھوڑنے کی تیاریوں میں لگی رہتی ہیں۔ امریکی کمپنیوں کو پیچھے چھوڑنے کے لیے چینی کمپنی ہواوے بھی سر دھڑ کی بازی لگا رہی ہے اور ریونیو کے معاملے پر ایک سال کے دوران حریف کمپنیوں کو حیران کر ڈالا ہے، سمارٹ موبائل فون بنانے کی ایک خبر امریکا سےآئی ہے، ایپل نے سب سے زیادہ سمارٹ فون کی فروخت میں کورین کمپنی سام سنگ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
انٹرنیشنل کارپوریشن ڈیٹا کی رپورٹ کے مطابق ایپل کے فورتھ کوارٹر کے دوران تقریباً 7 کروڑ 38 لاکھ آئی فونز فرخت ہوئے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق زیادہ فروخت ہونے والے سمارٹ فونز میں ایپل کا حال ہی میں مقبولیت حاصل کرنے والا نیا آئی فون 11 شامل ہے جس کی فرخت سب سے زیادہ امریکا اور یورپ میں ہوئی ہے۔ اسکے علاوہ دنیا کے دیگر ممالک میں بھی ایپل کے مختلف فونز فروخت ہوئے۔
سٹریٹجی اینالسٹ نائل ماؤسٹن نے ایک سروے کیا جس سے معلوم ہوا کہ ایپل کے موبائل فروخت ہونے کی سب سے بڑی وجہ iPhone11 کی کم قیمت ہے جس کی سب سے زیادہ مانگ ایشیا اور امریکا میں ہے۔
مارکیٹ ٹریکرز کے مطابق سب سے زیادہ سمارٹ فون فروخت کرنے والی کمپنی سام سنگ کی فروخت پچھلے سال 6 کروڑ 94 لاکھ رہی جبکہ چینی کمپنی ہواوے کی فروخت 5 کروڑ 62 لاکھ رہی۔
ہواوے کے لیے معاملات مستقل طور پر مشکل ہوتے جا رہے ہیں، پہلے امریکا کی جانب سے پابندیوں کے باعث ہواوے کو نقصان اٹھانا پڑا اور اب چین میں پھیلنے والے پُراثرار کرونا وائرس نے ہواوے کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
سام سنگ پچھلے پورے سال تک سمارٹ فون کی فروخت میں سب سے اُوپر رہا اور مارکیٹ اُمید کر رہی تھی کہ فائیو جی ٹیلی کام نیٹ ورک سام سنگ کے نئے آنے والے سمارٹ فونز کو مزید مستحکم کرے گا مگر فورتھ کوارٹر میں سام سنگ کی فروخت میں مستقل کمی کے باعث ایپل سب سے زیادہ سمارٹ فون فروخت کرنے والی کمپنی بن گئی۔