جاپانی انجنئیرز 25 ٹن وزنی، 60 فٹ اونچے ’’گاندم روبوٹ‘‘ کی تیاری میں‌ مصروف

Last Updated On 01 February,2020 12:54 pm

یوکوہاما: (روزنامہ دنیا) جاپان میں اس وقت دنیا کے سب سے بڑے تفریحی روبوٹ کی تیاری پر کام ہورہا ہےاس کی اونچائی 60 فٹ اور یہ 24 درجے پر گھومنے کے علاوہ دھیرے دھیرے چل بھی سکے گا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق دیوقامت روبوٹ کی بلندی کا اندازہ یوں لگایا جا سکتا ہے کہ صرف اس کا ایک بازو 2 میٹر سے بھی لمبا ہے جس کا وزن 440 پونڈ ہے۔ اسے ماہرین نے ٹیکنالوجی اور انجینئرنگ کا ایک شاہکار قرار دیا ہے جس کی تیاری میں بہت محنت صرف ہو رہی ہے، روبوٹ کا مجموعی وزن 25 ٹن کے لگ بھگ ہے۔

اس روبوٹ کو ’’گاندم‘‘ کا نام دیا گیا ہے جو 1979 میں جاپان کی مشہور کارٹون سیریز کا ایک کردار ہے، جسے کارٹون سیریز میں ایک بڑی سیمورائی تلوار کے ساتھ دکھایا گیا اور اس کے بعد ناولوں، کہانیوں اور 50 سے زائد ٹی وی سیریز اور فلموں میں پیش کیا گیا، ٹرانسفارمر سیریز بھی اس سے متاثر ہوکر بنائی گئی، یہ جاپانی ثقافت اور ٹیکنالوجی سے محبت، دونوں ہی کو ظاہر کرتا ہے۔

جب گاندم کردار کے خالق یوشی یوکی کو روبوٹ دیکھنے کی دعوت دی گئی تو وہ سخت غصہ ہوئے اور اس کے ڈیزائن پر بہت تنقید کی۔ انجینئروں نے ان کے مشوروں کو سنا اوراب اس کے مطابق روبوٹ تیار کر رہے ہیں۔