دنیا کی باریک ترین ٹچ سکرین تیار، بیٹری بھی زیادہ چلے گی

Last Updated On 30 January,2020 03:24 pm

سڈنی: (روزنامہ دنیا) سمارٹ فون کی ٹچ سکرین کو باریک سے باریک تر بنانے کی کوششیں جاری ہیں اور اب ایک نئے الیکٹرانک موادسے دنیا کی سب سے باریک ٹچ سکرین بنائی گئی ہے جو رائج ٹچ سکرین سے کئی گنا زیادہ باریک ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق آسٹریلیا کی آر ایم آئی ٹی یونیورسٹی میں نئے مادے سے ٹچ سکرین بنائی گئی جو اب تک کے سمارٹ فون میں نصب ٹچ سکرین سے کئی گنا باریک ہے۔ یہ بجلی بھی کم خرچ کرتی ہے اور اسی بنا پر بیٹری کا اوسط خرچ 10 فیصد تک کم ہوسکتا ہے۔ حیران کن بات اس کو موڑا بھی جا سکتا ہے حتی کہ بل دینا بھی ممکن ہے۔ اس کی تیاری آسان اور قیمت قابل برداشت ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس کو رول کرکے اخبار کی طرح پرنٹ بھی کیا جا سکتا ہے۔

فی الحال تجرباتی طور پر ایک ٹچ سکرین تیار کی گئی ہے لیکن اسے جلد کمرشل بنیادوں پر تیار کیا جائے گا جس کے بعد یہ صارفین کو حٰیران کرنے کیلئے مارکیٹ میں دستیاب ہو گی۔