کرونا وائرس کا خطرہ، کوئٹہ کے ہسپتال میں آئیسولیشن وارڈ قائم، عملہ ہائی الرٹ

Last Updated On 29 January,2020 09:08 am

کوئٹہ: (دنیا نیوز) حکومت بلوچستان نے کرونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کر لیں۔ آئیسولیشن وارڈ بنا کر عملہ ہائی الرٹ کر دیا۔

بلوچستان میں سی پیک سمیت دیگر منصوبوں پر کام کرنے والی کمپنیوں میں بڑی تعداد چینی باشندوں کی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ صوبے کے کئی افراد کا تجارت کی غرض سے چین آنا جانا رہتا ہے، کروناوائرس کے خطرے کے پیش نظر وزیر اعلی بلوچستان نے محکمہ صحت کی 14 رکنی ٹیم تشکیل دی ہے جبکہ فاطمہ جناح چیسٹ ہسپتال میں آئیسولیشن وارڈ بھی بنایا گیا ہے۔

محکمہ صحت کی جانب سے کوئٹہ ائیرپورٹ پر ایک ڈاکٹر تعینات ہے جو چین سے آنے والے مسافروں کا مکمل طبی معائنہ کرے گا۔ اس وائرس سے بچاو کے لئے عوام میں شعور و آگاہی ضروری ہے۔

حکومت بلوچستان نے چین میں زیر تعلیم طلباء کی واپسی کے لئے والدین کو یقین دہانی کراتے ہوئے وزارت خارجہ اور چین میں پاکستانی سفارتخانے کے عملے سے رابطہ بھی کیا گیا ہے تاکہ ان طلباء کو بحفاظت واپس لایا جا سکے۔