کوئٹہ: یوٹیلٹی اسٹورز سے آٹا، چینی سمیت اشیائے خورونوش غائب، عوام پریشان

Last Updated On 28 January,2020 10:51 am

کوئٹہ: (دنیا نیوز) کوئٹہ میں یوٹیلٹی اسٹورز بھی عوام کو ریلیف نہ دے سکے، مہنگائی سے پریشان عوام کے لئے یہاں بھی آٹا، چینی جیسی اشیاء خورونوش غائب ہیں۔

کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں عوام کو مہنگائی سے ریلیف دینے کے لئے تقریبا 72 سرکاری یوٹیلٹی اسٹورز قائم ہیں جہاں سبسڈی کے ساتھ آٹا، چینی اور دالوں سمیت دیگر روزمرہ استعمال کی اشیاء خورونوش اور دیگر ضروریات زندگی کی چیزیں فروخت کی جاتی ہیں مگر گزشتہ چند ماہ کے دوران مہنگائی کے بڑھتے طوفان میں یہ یوٹیلٹی اسٹورز بھی کہیں کھو سے گئے ہیں۔ عوام کا کہنا ہے کہ خاص کر آٹا، چینی اور چاول جیسی اشیاء کا حصول یہاں بھی ممکن نہیں۔

دوسری جانب یوٹیلٹی اسٹورز انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نئے ریٹس آ گئے ہیں جن کے مطابق عوام کو تمام چیزیں بازار کی نسبت کم قیمت پر فروخت کی جا رہی ہیں مگر مانگ زیادہ ہونے کے باعث مشکلات کا سامنا ہے۔

عوام کا گلہ ہے کہ وزیراعظم کی جانب سے ریلیف دینے کے ساتھ یوٹیلٹی اسٹوروں میں آٹا، چینی، چاول اور دالوں کی فراہمی کے ساتھ ساتھ موجود اشیاء کے معیار کو بھی بہتر بنایا جائے۔