ٹوئٹر پیغامات میں براہِ راست ایموجی کا آپشن پیش

Last Updated On 28 January,2020 03:47 pm

سان فرانسسکو: (روزنامہ دنیا) فیس بک چیٹ اور واٹس ایپ کی طرح اب ٹوئٹر نے بھی ایموجی پیش کر دئیے ہیں جنہیں براہِ راست پیغام میں شامل کیا جا سکتا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اس طرح صارفین کسی بھی گفتگو کے تھریڈ میں اپنے احساسات اور جذبات ایموجی کی صورت میں داخل کر سکیں گے۔ اب براہِ راست پیغام خواہ وہ متن کی صورت میں ہو یا میڈیا کی شکل میں، ایموجی کو فوری طور پر شامل کرنا بہت آسان ہے۔

جس جگہ ایموجی لگانی ہو وہاں کرسر لائیں تو دل اور جمع کے نشان کا آئکن نمودار ہوگا یا پھر فون پر ایموجی لانے کیلئے ڈبل ٹیپ کیجئے اور پاپ اپ آئکن میں سے کوئی بھی ایموجی منتخب کیجئے۔

آپ کسی بھی وقت اسے ہٹاسکتے ہیں اور یہ تمام شرکا کے پیغام سے بھی ہٹ جائے گا خواہ ان کی تعداد ہزاروں میں ہی کیوں نہ ہو۔ کسی بھی ٹویٹ کے ردِ عمل میں آپ ٹیپ کرکے دیکھ سکتے ہیں کہ کس کس نے آپ کے پیغام میں اپنا ایموجی اظہار کیا ہے۔