اولمپکس اور آئی او سی کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ ہیک کر لیے گئے

Last Updated On 21 February,2020 12:22 am

نیو یارک: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں جیسے جیسے ٹیکنالوجی میں جدت آتی جا رہی ہے، اسی دوران لوگ ٹیکنالوجی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اس کا غلط استعمال کرتے ہیں، اولمپکس اور انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی (آئی او سی) کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ ہیک کر لیے گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹوئٹر ترجمان نے اپنے بیان میں اکاؤنٹ ہیک کرنے والے سے متعلق زیادہ تفصیلات نہیں بتائیں لیکن ان کا کہنا تھا کہ اکاؤنٹ تھرڈ پارٹی پلیٹ فارم کی جانب سے ہیک کیا گیا۔

ٹوئٹر ترجمان نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ جیسے ہی ہمیں اس مسئلے سے آگاہ کیا گیا ہم نے ہیک ہونے والے اکاؤنٹس کو جزوی طور پر لاک کر دیا جب کہ ماہرین اکاؤنٹ کو بحال کرنے کے لیے کام کر رہی ہیں۔

اولمپکس اور انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی (آئی او سی) کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ ہیک کرنے والی پارٹی کی جانب سے ایک ٹوئٹ کیا گیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ ہر چیز ہیک کی جا سکتی ہے، اپنے اکاؤنٹ کی سیکیورٹی سے متعلق ہم سے رابطہ کیجیے۔

اس سے قبل بھی ایف سی بارسلونا اور اس کے علاوہ سپر باؤل ایونٹ سے چند روز قبل نیشنل فٹ بال لیگ (این ایف ایل) کے ٹوئٹر اکاؤنٹس ہیک ہوئے تھے۔