دبئی: (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی میں ایک ایسا ہیلمٹ متعارف کرایا گیا ہے جس کی مدد سے کورونا وائرس سے متاثر افراد کی باآسانی نشاندہی ہو سکے گی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اس سمارٹ ہیلمٹ کو پہن کر صرف دیکھنے سے ہی انسان کے جسمانی درجہ حرارت کی جانچ ممکن ہو سے گی۔ ان سمارٹ ہیلمٹس کے تجرباتی استعمال کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
دبئی کارپوریشن فار ایمبولینس سروس کی جانب سے متعارف کرائی گئی اس ٹیکنالوجی کا مقصد جسمانی درجہ حرارت کی جانچ کیلئے طبی ماہرین کی معاونت کرنا ہے۔
اس سمارٹ ہیلمٹ کو دبئی میں اس وقت تجرباتی طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔ دبئی کارپوریشن فار ایمبولینس سروس اس کے علاوہ کورونا وائرس کے تدارک کیلئے جدید ترین سازوسامان فراہم کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔
اس سمارٹ ہیلمٹ کی تیاری کییلئے آرٹیفیشل انٹیلی جنس (مصنوعی ذہانت) کی مدد لی گئی ہے۔ الیکٹرونک اور موبائل فون پر سمارٹ پروگرام کے ساتھ مربوط اس ہیلمٹ کے ذریعے کسی بھی شخص پر صرف نظر ڈال کر اس کے جسم کا درجہ حرارت معلوم کیا جا سکتا ہے۔