ٹک ٹاک خریدنے کیلئے بات چیت جاری رہے گی، مائیکروسافٹ کا اعلان

Last Updated On 05 August,2020 11:24 pm

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) امریکی ملٹی نیشنل ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ نے اعلان کیا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکی کے باوجود مشہور چینی ایپ ٹک ٹاک خریدنے کیلئے گفتگو جاری رہے گی۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے دو روز قبل دی جانے والی دھمکی کے بعد مائیکرو سافٹ کا ٹک ٹاک خریدنے کا منصوبہ کھٹائی میں پڑگیا تھا۔

کہا جا رہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ٹک ٹاک پر پابندی کی باتیں سودے بازی کے حربوں کا حصہ ہے تاکہ مائیکروسافٹ اس معاہدے میں بہتر شرائط حاصل کر سکے۔ خیال رہے کہ ٹرمپ نے حال ہی میں ایک اہم بیان میں کہا تھا کہ وہ سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر ٹک ٹاک پر پابندی عائد کر دیں گے۔

ادھر ٹِک ٹاک نے مائیکروسافٹ کیساتھ ممکنہ سودے پر کوئی بیان جاری کرنے بات کرنے سے گریز کیا ہے تاہم ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اگرچہ ہم افواہوں اور قیاس آرائیوں پر بات کرنے سے گریز کرتے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا تھا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایسے چینی سافٹ ویئرز کے خلاف ایکشن لیں گے جو ہماری قومی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا تھا کہ ٹک ٹاک امریکا کی حساس معلومات چین کی کمیونسٹ پارٹی کو منتقل کر رہا ہے۔

تاہم ٹک ٹاک نے ان تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کمپنی پر چینی حکومت کا کوئی کنٹرول نہیں ہے۔