جنریٹر ٹیکنالوجی ہوئی پرانی، ماہرین نے بجلی گھر جیسی ڈیوائس بنا لی

Last Updated On 30 July,2020 03:55 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) الیکٹرونکس ماہرین نے لوڈشیڈنگ کا حل ڈھونڈ نکالا، جنریٹر سے ایڈوانس ڈیوائس آپ کو ایسا احساس دیتی ہے جیسے آپ نے اپنے گھر میں بجلی گھر لگا لیا ہے۔

جنریٹر جتنا شور اور بھاری بھرکم وزن کا دور اب گیا، مونسٹر ایکس نامی ڈیوائس جو 2000 واٹ آوٹ پٹ، 1700 واٹ بجلی جو ایک وقت میں 11 آلات کے ساتھ ساتھ ایک برقی کار چارج کرنے کی بھی صلاحیت رکھتی ہے اب پیداوار کے مراحل میں ہے۔

شمسی پینل سے چارج ہونے کے علاوہ اس میں لیتھئیم بیٹری بھی ہے جس کی لائف ٹائم وارنٹی دی جا رہی ہے۔ اس ڈیوائس سے استری اور فریج کو کئی گھنٹے چلایا جا سکتا ہے، اگر بجلی فیل ہو جائے تو اسے یو پی ایس کی طرح استعمال کریں۔ یہ آٹو میٹک انداز میں بجلی کی فراہمی جاری رکھتا ہے۔ انجنیئرز کے دعوے کے مطابق خاص ڈیزائن کی بدولت یہ جلد خراب بھی نہیں ہوتا اور مدتوں چلتا ہے۔

اس ڈیوائس کو 3 طریقوں سے چارج کیا جا سکتا ہے، اسے 200 واٹ ڈی سی، 400 واٹ اے سی اور 200 واٹ سولر طریقے سے چارج کیا جاسکتا ہے۔ حیران کن بات یہ کہ اس کو 100 فیصد چارج کرنے میں صرف 2 گھنٹے لگتے ہیں۔ بس اب لوڈشیڈنگ سے گھبرانے کی ضرورت نہیں، یہ ہر موسم میں آپ کا ساتھ نبھانے کو تیار ہے۔