لاہور: (ویب ڈیسک) سماجی رابطوں کی مشہور ویب سائٹ فیس بک نے اپنے پاکستانی صارفین کی سیکیورٹی بہتر بنانے کیلئے انھیں اہم تجاویز دی ہیں۔
فیس بک کی جانب سے صارفین سے کہا گیا ہے کہ وہ سیکورٹی چیک اپ کا فیچر استعمال کرکے اپنے اکاؤنٹ پر مزید سیکورٹی بھی لگا سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ مشورہ دیا گیا ہے کہ صارفین ایسی ڈیوائسز سے فوری طور پر لاگ آؤٹ ہو جائیں جسے انہوں نے آپ نے طویل عرصے سے استعمال نہیں کیا۔
لاگ ان الرٹس فیچر فعال کرنے سے اگر کوئی آپ کے اکاؤنٹ کو کسی اور ڈیوائس یا براؤزر سے لاگ ان کرنے کی کوشش کرتا ہے تو پھر فیس بک آپ کو ای میل الرٹ یا نوٹیفکیشن بھیجے گا۔
اس کے علاوہ اپنے فیس بک کا پاس ورڈ کسی دوسری جگہ کبھی استعمال نہ کیجئے اور کبھی پاس ورڈ کسی اور کو نہ دیجئے۔ اپنے نام یا عام الفاظ کو پاس ورڈ کے طور پر استعمال کرنے سے گریز کیجئے۔ ایسا پاس ورڈ رکھیں کہ جس کا اندازہ لگانا مشکل ہو۔
جب کبھی آپ کسی نئی ڈیوائس سے لاگ ان کرتے ہیں تو اس عمل کے ذریعے اضافی سیکورٹی فراہم کی جاتی ہے۔ فیس بک کی جانب سے لاگ ان کا عمل مکمل کرنے کے لئے اسپیشل کوڈ کے ساتھ ایک نوٹیفکیشن یا ای میل بھیجی جائے گی۔