نئی دہلی: (ویب ڈیسک) انڈین حکومت نے گزشتہ ماہ وادی گلوان میں چین کے ہاتھوں ہزیمت اٹھانے کے بعد غصے کے عالم میں 59 چینی ایپس پر پابندی عائد کر دی تھی، حالیہ فیصلے کے بعد بند کی گئی ایپس کی تعداد 106ہو گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق انڈیا میں حال ہی میں جن چینی ایپس پر پابندی عائد کی گئی ہے وہ ماضی میں بند کی گئیں ایپس کی کلون ایپلی کیشنز ہیں۔ ان نئی ایپلی کیشنز کی فہرست کا اعلان کیا جانا ابھی باقی ہے۔
اس کے علاوہ کہا جا رہا ہے کہ انڈین حکومت نے مزید 250 ایپس کی بھی فہرست تیار کر لی ہے۔ ان ایپس کو قومی سلامتی کیلئے خطرہ قرار دیا جا رہا ہے۔
خیال رہے کہ انڈیا میں پابندی کا سامنا کرنے والی ایپس میں مشہور ایپلی کیشن ٹک ٹاک بھی شامل ہے۔ بھارتی حکومت نے ان 59 ایپس کی بندش کی وجہ بتاتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ یہ اقدام شہریوں کی سیکیورٹی، ملکی خود مختاری اور دیگر خطرات کے پیش نظر اٹھایا۔