ماہرین کا ہلکا اور انتہائی مضبوط مواد بنانے کا دعویٰ جسے کاٹا نہیں ‌جا سکتا

Last Updated On 26 July,2020 01:00 pm

برلن: (روزنامہ دنیا) برطانوی اور جرمنی کے ماہرین نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ دنیا کا ایسا سب سے ہلکا اور مضبوط مٹیریل بنانے میں کامیاب ہوگئے ہیں جس کاٹنا قریب قریب ناممکن ہو گا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق انگلینڈ میں ڈرہم یونیورسٹی اور جرمنی کی فرانہومفرر انسٹی ٹیوٹ کے انجینئرز نے ایک ایسا مواد تیار کر لیا ہے جو ہلکا ہونے کے ساتھ انتہائی مضبوط بھی ہے۔ ان کا دعویٰ ہے کہ اس چیز کو کاٹنا ناقابل یقین حد تک مشکل ہے۔ انجینئرز نے اس مواد کو ‘پروٹیوس’ کا نام دیا ہے۔

ماہرین کے مطابق اس قدر مضبوط چیز سمندری گھونگوں کی سیپی اور چکوترا کے چھلکوں سے تیار کی گئی ہے۔ ماہرین کے مطابق مواد پر کٹر، ڈریل اور انتہائی طاقتور واٹر جیٹ بھی کام نہیں کرے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مذکورہ مواد سے بائیک کا لاک بنانے سے لیکر پولیس کی بلٹ پروف جیکٹ تک تیار کی جا سکتی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ماہرین نے ایسا مٹیریل تیار کرنے کا دعوی کیا تھا جسے توڑا نہیں جا سکتا تاہم اس طرح کے کسی مادے کی مارکیٹ میں دستیابی تاحال ممکن نہیں ہو سکی۔