چین کا مریخ کیلئے مشن روانہ، امریکی مشن کی 30 جولائی کو لانچنگ متوقع

Last Updated On 24 July,2020 09:32 pm

بیجنگ: (دنیا نیوز) مریخ تک پہنچنے کی دھن میں چین اور امریکا کا مقابلہ جاری ہے۔ چین نے مریخ پر اپنا مشن بھیج دیا، امریکی مشن 30 جولائی کو لانچ ہو گا۔

خبررساں ایجنسی کے مطابق روور راکٹ کو ہنان کے جنوبی جزیرے سے لانچ کیا گیا۔ چینی خلائی مشن کو   تیان وین ون  کا نام دیا گیا ہے، یہ فروری 2021 تک مریخ کے مدار میں داخل ہو جائے گا۔ اس مشن میں مریخ کے مدار میں چکر لگانے والا خلائی جہاز، سیارے کی سطح پر اترنے والی خلائی گاڑی اور ایک روور شامل ہے جو مریخ کی مٹی، چٹانوں سمیت دیگر اجزا کا جائزہ لے کر آئندہ تحقیق میں مدد فراہم کرے گا۔

چین کے بھجوائے گئے مشن سے سائنس دان مریخ پر ماحولیاتی حالات کا اندازہ بھی لگانے کی کوشش کریں گے جبکہ امریکہ بھی مریخ پر پہنچنے کی کوشش میں ہے، دونوں ملک زمین اور مریخ کے درمیان فاصلہ کم ہونے کے موقع سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

چند روز قبل متحدہ عرب امارات نے بھی پہلا تحقیقاتی مشن سرخ سیارے کے نام سے مریخ پر روانہ کیا تھا جو جاپان کی مدد سے اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہے۔