ٹک ٹاک پر پابندی: انڈین خواتین مالی مشکلات کا شکار، گمنامی کے اندھیروں میں گم

Last Updated On 24 July,2020 09:27 pm

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی سرکار کی جانب سے چین سے کشیدگی کے بعد مشہور ویڈیو ایپ ٹک ٹاک پر پابندی عائد کی گئی تھی۔ اس سے وابستہ سینکڑوں خواتین ہزاروں کما لیتی تھیں لیکن اب ان کیلئے ایسا کرنا ممکن نہیں رہا۔

بھارت کے دور افتادہ علاقوں اور دیہات سے تعلق رکھنے والی خواتین کیلئے ٹک ٹاک ناصرف تفریح کا ذریعہ تھی بلکہ اس نے ان کو راتوں رات شہرت کی بلندیوں پر بھی پہنچا دیا تھا۔

ٹک ٹاک ایپ پر بھارتی خواتین ڈانس کرتیں، کھانے پکانے کی ترکیبیں اور بناؤ سنگھار سمیت دیگر چیزیں سکھا کر دنیا بھر کی توجہ اپنی جانب مبذول کرا چکی تھیں۔

ان خواتین نے اچھے دنوں کی یادیں شئیر کرتے ہوئے بتایا ہے کہ فارغ اوقات میں ٹک ٹاک پر بنائی جانے والی ویڈیوز نے ناصرف انھیں مقبول کیا بلکہ وقت گزرنے کیساتھ ساتھ یہ ان کیلئے روزی روٹی کمانے کا ذریعہ بھی بن چکی تھی۔

تاہم بھارتی سرکار کی ہٹ دھرمی نے ان خواتین کو دوبارہ گمنامی کے اندھیوں دھکیل دیا۔ ٹک ٹاک پر پابندی سے اب وہ شدید مالی مشکلات میں پھنس چکی ہیں۔

بھارتی حکومت کا موقف تھا کہ یہ ایپس ملکی سلامتی کیلئے خطرہ بن چکی تھیں۔ اس لئے ٹک ٹاک، شیئر اِٹ، کلب فیکٹری، یو سی براؤزر، وی چیٹ اور بیگ لائیو سمیت 59 چینی ایپس پر فوری طور پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا گیا۔