ہونڈا نے اپنی مختلف گاڑیوں کی قیمتوں میں ایک لاکھ روپے تک کا اضافہ کر دیا

Last Updated On 29 July,2020 10:48 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں کمزور ہوتے روپے کی قدر کو جواز بناتے ہوئے ہونڈا نے گاڑیوں کی قیمتیوں میں ہوشربا اضافہ کر دیا، سب سے زیادہ اضافہ ٹربو آر ایس اور ٹربو اوریل گاڑیوں میں کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں مہنگائی اپنی عروج پر ہے جبکہ حکومت کی طرف سے اس پر قابو پانے کے دعوے کیے جا رہے ہیں، اسی دوران ہونڈا کمپنی نے روپے کے مقابلے میں ڈالر کی بڑھتی ہوئی قدر کو جواز بنا کر گاڑیوں کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ کر دیا ہے۔

ہونڈا کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ٹربو آر ایس کی قیمتوں میں ایک لاکھ روپے کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد ٹربو آر ایس کی نئی قیمت 45 لاکھ 99 ہزار سے بڑھ کر 46 لاکھ 99 ہزار روپے ہو گئی ہے۔ ٹربو اوریل کی قیمتوں میں بھی ایک لاکھ روپے کا بڑا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد ٹربو اوریل کی نئی قیمت 43 لاکھ 49 ہزار روپے سے بڑھ کر 44لاکھ 49 ہزار روپے ہو گئی ہے۔

ہونڈا کے ماڈل 1.8 ایل وی ٹی ایس آر سی وی ٹی کی قیمت میں 80 ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد اس گاڑی کی نئی قیمت 38 لاکھ 99 ہزار روپے سے بڑھ کر 39 لاکھ 99 ہزار روپے ہو گئی ہے۔

ہونڈا کے ماڈل 1.8 ایل وی ٹی آئی سی وی ٹی کی قیمت میں بھی 80 ہزار روپے کا اضافہ دیکھا گیا ہے جس کے بعد اس گاڑی کی نئی قیمت 36 لاکھ 49 ہزار سے بڑھ کر 37 لاکھ 29 ہزار روپے ہو گئی ہے۔

اُدھر ہونڈا کے ماڈل 1.3 ایل ایم ٹی کار کی قیمت میں 60 ہزار روپے کا اضافہ دیکھا گیا جس کے بعد اس گاڑی کی نئی قیمت 23 لاکھ 89 ہزار سے بڑھ کر 24 لاکھ 49 ہزار روپے ہو گئی ہے۔

1.3 ایل اے ٹی کی قیمت میں 65 ہزار روپے کی بڑھوتری دیکھی گئی جس کے بعد گاڑی کی نئی قیمت 25 لاکھ 74 ہزار روپے سے بڑھ کر 26 لاکھ 39 ہزار روپے ہو گئی ہے۔ 1.5 ایل ایم ٹی کی قیمت میں 70 ہزار روپے کا اضافہ دیکھا گیا جس کے بعد اس گاڑی کی نئی قیمت 24 لاکھ 59 ہزار روپے سے بڑھ کر 25 لاکھ 29 ہزار روپے ہو گئی ہے۔

مزید برآں 1.5 ایل اے ٹی کی قیمت میں بھی 70 ہزار روپے کا اضافہ دیکھا گیا جس کے بعد گاڑی کی نئی قیمت 26 لاکھ 29 ہزار روپے سے بڑھ کر 26 لاکھ 99 ہزار روپے ہو گئی ہے۔

ہونڈا کی گاڑی 1.5 ایل اسپائر ایم ٹی کی قیمت میں 70 ہزار روپے کا اضافہ دیکھا گیا، جس کے بعد گاڑی کی نئی قیمت 26 لاکھ 29 ہزار روپے سے بڑھ کر 26 لاکھ 79 ہزار روپے ہو گئی ہے۔ جبکہ 1.5 ایل اسپائر اے ٹی کی قیمت بھی 70 ہزار بڑھ گئی، گاڑی کی نئی قیمت 27 لاکھ 89 ہزار روپے سے بڑھ کر 28 لاکھ 59 ہزار روپے ہو گئی ہے۔

دیگر گاڑیوں میں بی آر فور ایم ٹی، بی آر فور سی وی ٹی اور بی آر فور ایس سی وی آر کی قیمتوں میں بالترتیب 80 ہزار روپے کا اضافہ دیکھا گیا جس کے بعد نئی قیمتیں 31 لاکھ 59 ہزار ، 33 لاکھ 19 ہزار اور 34 لاکھ 79 ہزار روپے ہو گئی ہے۔