اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز سید ذوالفقار بخاری نے کہا ہے کہ پاکستانی ورکرز جرمنی کی طرف سے تین ملین یوروز کی دی گئی امداد سے چھوٹے کاروبار شروع کر سکیں گے۔
یہ امدادی رقم تکنیکی ٹریننگز دینے اور کاروبار میں آسانی کے لئے استعمال کی جائے گی۔ بدھ کو یہاں وزارت اوورسیز میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے ملازمتیں کھونے والے پاکستانیوں کو دوبارہ بحال کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ جرمنی کی جانب سے فراہم کی گئی امداد سے بیرون ملک سے آنے والوں کو بینکس سے چھوٹے کاروباری قرضے بھی فراہم کئے جائیں گے۔
زلفی بخاری نے کہا کہ جو لوگ ساری زندگی بیرون ملک کام کر کے واپس آتے ہیں ان کو معاشرے میں کام کے مواقع فراہم کرنے لئے یہ اہم قدم ہے۔ مجھ سے سوال ہوتا ہے کہ بیرون ملک سے آنے والے پاکستانیوں کے لئے آپ کیا کر رہے ہیں؟ میں آج کہتا ہوں کہ ہم بیرون ملک سے آنے والوں کو سہولت دینے کے لئے اقدامات کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ معاہدے کے ذریعے نوجوانوں کی مائیکرو فنانسنگ کی جا سکے گی۔ یہ معاہدہ بہت پہلے ہو جاتا لیکن کورونا کی وجہ سے لیٹ ہو گیا۔ پاکستانیوں کی بحالی کیلئے یہ معاہدہ انتہائی اہم ہے۔ یہ معاہدہ ان پاکستانیوں کیلئے کی دوبارہ بحالی میں مدد دے گا۔
زلفی بخاری نے مزید کہا کہ ان کا یو اے ای کا دورہ انتہائی کامیاب رہا، یو اے ای کے دورے کے حوالے پر وزیراعظم کو بریف کیا۔ یو اے ای میں 60 ہزار پاکستانیز پھنسے ہیں۔ وہ پہلے وزیر افرادی قوت تھے جس نے یو اے ای کا دورہ کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جرمن سفیر برنارڈ شلاک نے کہا کہ جرمنی پاکستانیوں کو دوبارہ ملازمتوں کے حصول میں مدد دے گا۔ معاہدے کے تحت اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کو ٹیکنیکل معاونت دی جائے گی۔ پاکستانیوں کی ٹیکنیکل ٹریننگ میں جرمنی مدد کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی نوجوانوں کو ہوٹلنگ اور سیاحت کے شعبے میں ٹریننگ دی جائے گی۔ پاکستانیوں کو جرمن زبان کا کورس کروایا جائے گا۔ اس معاہدے سے پاکستانی جاب مارکیٹ کو فروغ ملے گا۔