برلن: (دنیا نیوز) دنیا کا کوئی بھی ملک بھارتی خفیہ ایجنسی را کی شرانگیزی سے محفوظ نہیں، جرمن دارالحکومت فرینکفرٹ میں را کا ایجنٹ رنگے ہاتھوں پکڑا گیا، ملزم فرینکفرٹ میں کشمیری اور سکھ کمیونٹی کی جاسوسی کرتا تھا اور بھارتی قونصل خانے کو رپورٹ کرتا تھا۔
تفصلات کے مطابق بھارتی قونصل خانے سفارتکاری کے بجائے انڈین خفیہ ایجنسی را کے بیس کیمپ بن گئے۔ افغانستان، ایران، اور کینیڈا کے بعد اب جرمنی میں بھی بھارتی قونصل خانہ جاسوسی کی سرگرمیوں میں ملوث نکلا۔
جرمن حکام نے فرینکفرٹ میں بھارتی خفیہ ایجنسی را کے ایک ایجنٹ کو بے نقاب کیا ہے جو کشمیری اور سکھ کمیونٹی کی جاسوسی کرتا تھا ملزم کو فرینکفرٹ میں بھارتی قونصل خانے سے کنٹرول کیا جارہا تھا۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بھارتی جاسوس کے خلاف مقامی عدالت میں مقدمہ دائر کیا گیا ہے، مقدمے کی کارروائی رواں سال 25 اگست سے شروع ہو گی۔ گزشتہ سال دسمبر میں بھی فرینکفرٹ سے بھارتی میاں بیوی گرفتار ہوئے تھے جو را کے لیے جاسوسی کرتے ہوئے پکڑے گئے تھے
اس سے پہلے کینیڈا میں بھی راکے ایک جاسوس کا پردہ فاش ہوا تھا جو 2009 سے کینیڈین سیاستدانوں پر اثر انداز ہونے کی کوشش کر رہا تھا تاکہ تحریک آزادی کشمیر اور خالصتان تحریک کو کمزور کیا جاسکے۔ کینیڈین کورٹ میں ملزم کے خلاف مقدمہ جاری ہے۔
ایران میں بھارتی قونصل خانے بھی جاسوسی ملوث ہیں جس کا سب سے بڑا ثبوت کلبھوشن یادیو کی گرفتاری ہے جو بھارتی بزنس مین کے جعلی پاسپورٹ سے پاکستان میں گھستے ہوئے گرفتار ہوگیا تھا۔
افغانستان میں بھارتی قونصلے خانے تو براہ راست دہشت گردی میں ملوث رہے ہیں، افغان سرزمین سے پاکستان میں دہشت گردی کروانے کے لیے بھارتی قونصل خانوں اور کالعدم ٹی ٹی پی کا گٹھ جوڑ کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔