تنگ علاقوں میں آگ بجھانے کیلئے جدیدترین ڈرون تیار

Last Updated On 07 August,2020 01:37 pm

بیجنگ: (روزنامہ دنیا) چین میں آگ بجھانے والا دنیا کا جدید ترین ڈرون تیار کر لیا گیا ہے جو آگ بجھانے والے بموں، رہنمائی کیلئے لیزر سسٹم اور تیزی سے پانی اور فوم پھینکنے والا ایک نظام بھی رکھتا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ ڈرون تنگ علاقوں کی عمارتوں اور ان کی بلند ترین منزلوں تک آسانی سے پہنچ سکتا ہے۔ ای ہیگ 216 ایف نامی ڈرون سب سے پہلے کسی بھی عمارت کے سامنے جاکر اپنے دس گنا زوم والے کیمرے سے صورتحال کا جائزہ لیتا ہے اور لیزر سے ہدف کا تعین کرتا ہے۔

اس تیز رفتار ڈرون میں آگ بجھانے والے 6 بم نصب کئے گئے ہیں جو یہ دس میٹر دوری سے ٹھیک ٹھیک نشانے پر پھینکتا ہے، اس کے علاوہ آگ بجھانے کیلئے فوم اور پانی پھینکنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔ زمین سے 600 فٹ بلندی تک پرواز کرنے کی صلاحیت والا ڈرون اس حوالے سے اہمیت کا حامل ہے کہ یہ 150 لٹر تک آگ بجھانے والا فوم لے جا سکتا ہے اور اپنے محل وقوع سے 5کلومیٹر فاصلے پر آپریشن سر انجام دے سکتا.

اس کے علاوہ ڈرون میں کھڑکی توڑنے والا ایک نظام بھی نصب ہے، جس سے آگ پر قابو پانے میں آسانی ہوتی ہے۔ فائر فائٹنگ ڈرون میں 150 لیٹر تک فوم لے جانے کی گنجائش ہے اور یہ اپنے محلِ وقوع سے پانچ کلومیٹر دوری تک کام کرسکتے ہیں۔ ڈرون میں جدید کیمرے کی بدولت عمارت میں لگی آگ کی شناخت بہت آسانی سے ہونا ممکن ہوا ہے، آگ کا الارم بجتے ہی یہ اپنا کام شروع کر دیتا ہے شیشے بند ہونے پر یہ ڈرون آگ بجھانے والے بم پھینکتا ہے جوکھڑکی توڑ کر اندر جانے کی صلاحیت رکھتے ہیں اورآگ بجھاتے ہیں۔