اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے 5 ڈیٹنگ ایپلی کیشنز کو بلاک کر دیا گیا ہے۔
پی ٹی اے نے کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ پانچ ڈیٹنگ اور لائیو سٹریمنگ ایپلی کیشنز جن میں ٹنڈر (Tinder)، ٹیگڈ (Tagged)، سکاؤٹ (Skout)، گرینڈر (Grindr) اور سے ہائے (SayHi) شامل ہیں، بلاک کر دی ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ ایپلی کیشنز کے ذریعہ غیر اخلاقی، غیر مہذب اور منفی اثرات کو مدنظر رکھتے ہوئے، پی ٹی اے نے مذکورہ پلیٹ فارمز کی انتظامیہ کو ڈیٹنگ خدمات کو ختم کرنے اور براہ راست جاری مواد کو پاکستان کے مقامی قوانین کے مطابق ماڈریٹ کرنے کے لئے نوٹس جاری کئے۔
Press Release: PTA has blocked access to five dating/live streaming applications i.e. Tinder, Tagged, Skout, Grindr and SayHi. pic.twitter.com/gFJxsgcn6m
— PTA (@PTAofficialpk) September 1, 2020
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ چونکہ پلیٹ فارمز نے مقررہ وقت کے اندر نوٹسوں کا جواب نہیں دیا لہذا اتھارٹی نے مذکورہ ایپلیکیشنز کو بند کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ تاہم کمپنیوں کی انتظامیہ کی جانب سے مناسب لائحہ عمل کے تحت غیر اخلاقی، غیر مہذب مواد کو مقامی قوانین پر عمل کرتے ہوئے ماڈریٹ کرنے کی یقین دہانی کرائے جانے پر پی ٹی اے اپنے فیصلے پر نظر ثانی کر سکتا ہے۔