پاکستان میں آئی ٹی پارک پر کام جاری، دنیا بھر کی 250 کمپنیاں کام کرینگی

Published On 02 September,2020 05:59 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کو بتایا گیا ہے کہ ایک انفارمیشن ٹیکنالوجی پارک بنایا جا رہا ہے جس میں دنیا بھر کی 250 کمپنیاں کام کرینگی۔

تفصیل کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین ساجد مہدی کی سربراہی میں ہوا۔ اجلاس کو بریفنگ کے دوران نسٹ یونیورسٹی حکام کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پہلے آئی ٹی پارک میں دنیا بھر کی 250 کمپنیاں کام کرینگی۔ اس پارک سے لوگوں کو کافی سہولیات ملیں گی۔

نسٹ حکام کا کہنا تھا کہ ہم کٹس اور سٹنٹس بنانے پر کام کر رہے ہیں۔ ہمارے پاس زیادہ تر سٹنٹس انڈیا سے آ رہے ہیں۔ ہم ایک نیا دل کا سٹنٹ لا رہے ہیں جو مارکیٹ میں 70 ہزار اور نسٹ میں 15 ہزار کا ملے گا۔

حکام کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سولر سیل کے اوپر کام ہو رہا ہے تاہم ٹیکس زیادہ ہونے کی وجہ سے اس میں کافی مشکلات کا سامنا ہے۔ نسٹ حکام کا کہنا تھا کہ تین سال قبل ریشہ کنٹرول کرنے والے ڈیوائس متعارف کرانے والے طلبہ کو فنڈنگ نہیں کی گئی۔ نوجوانوں کے آئیڈیاز کو فنڈنگ نہ کی گئی تو ٹیلنٹ پاکستان سے باہر جائے گا۔