کراچی: (روزنامہ دنیا) باصلاحیت نوجوانوں نے پاکستان کی بڑی صنعتوں میں گوداموں میں خام اور تیار مال کی ترسیل کی مشکلات دور کرنے کیلئے خودکار کنویئر روبوٹک گاڑیاں تیار کرلیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ ٹیکنالوجی دنیا کی بڑی صنعتوں میں پہلے ہی استعمال ہورہی ہے لیکن مہنگی ہونے کی وجہ سے پاکستان کی صنعتیں اس ٹیکنالوجی کو بروئے کار لانے سے قاصر تھیں، نجی ٹیکنالوجی ادارے کے ڈیپارٹمنٹ آف کمپیوٹر انجینئرنگ کے طالب علموں ارسلان اور سید عالیان نے 6 ماہ کی محنت سے گوداموں میں خام اور تیار مال رکھنے اور ترسیل کی مشکلات حل کردی ہیں۔
اس پراجیکٹ کو ‘‘Konveyro The’’ کا نام دیا گیا ہے، اس سلوشن کے ذریعے مقامی سطح پر ایسی روبوٹ گاڑیاں تیار کی جاسکیں گی جو بھاری وزن کو لمحوں میں ایک سے دوسری جگہ منتقل کریں گی۔ طالبعلموں کا دعویٰ ہے کہ خودکار روبوٹ گاڑیاں اپنی لاگت ایک ماہ میں ہی نکال لیں گی۔