لندن: (ویب ڈیسک) ہندوستانی ٹیکسی ایپ ‘’اولا’’ کو لندن میں پابندی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے کیونکہ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے عوامی حفاظت کے پیش نظر اس کے لائسنس کی تجدید نہ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
ہندوستانی ٹیکسی ایپ کمپنی ‘’اولا’’ رواں سال فروری سے برطانوی دارالحکومت لندن میں آپریٹ کر رہی تھی اور اسے ‘’اوبر’’ کمپنی کا متبادل قرار دیا جانے لگا تھا۔
لندن کی ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے مذکورہ پابندی کی وجہ بتاتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ہندوستانی ٹیکسی ایپ ‘’اولا’’ نے اپنی کمپنی میں ناتجربہ کار ڈارئیوروں کو بھرتی کیا ہوا تھا جن کے پاس ذرائیونگ لائسنس بھی نہیں تھا۔ بتایا جا رہا ہے کہ کمپنی کی جانب سے ایسی 1000 ٹرپس سامنے آئی ہیں۔
دوسری جانب ‘’اولا ‘’ کمپنی کے حکام نے کہا ہے کہ ان کے پاس لندن ٹرانسپورٹ اتھارٹی حکام کے فیصلے کیخلاف اپیل میں جانے کیلئے 21 دن ہیں۔ اور قوانین کے مطابق اپیل کے عرصہ کے دوران وہ اپنی کمپنی کو آپریٹ کر سکتے ہیں۔
برطانوی حکام نے ‘’اولا’’ کمپنی کی تمام توجہیات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستانی ایپ کمپنی کے حکام کو بارہا آگاہ کیا گیا لیکن جانتے بوجھتے ہوئے ٹرانسپورٹ قوانین پر عملدرآمد کو یقینی نہیں بنایا گیا۔