دنیا کے تیز رفتار اور جدید الیکٹرانک طیارے کا تجربہ

Published On 07 October,2020 11:51 am

لاہور: (روزنامہ دنیا) جدید اور تیز ترین الیکٹرانک طیارے بھی اب اونچی اڑان بھرنے جا رہے ہیں جسے حقیقت کا روپ دینے کیلئے رولس رائس نے کامیاب تجربہ کیا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق رولس رائس نے جدید ترین ٹیکنالوجی سے مزین دنیا کے تیز ترین الیکٹرانک ہوائی جہاز کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ یہ تجربہ رولس ر ائس کے ای سی سی ایل اقدام کا حصہ تھا جس کا مقصد دنیا میں اب تک بنایا گیا سب سے تیزترین الیکٹرانک طیارہ بنانا ہے۔

جہاز کا تجربہ اس جیسے ایک اور جہاز کے ریپلیکا پر کیا گیا جس کا نام آئن برڈ ہے جس میں استعمال کی جانے والی ٹیکنالوجی میں500 ہارس پاور الیکٹرک پاور ٹرین کے ساتھ ساتھ ایک ایسی بیٹری بھی شامل ہے جو 250 گھروں کو با آسانی بجلی پہنچا سکتی ہے۔

رولس رائس کے ڈائریکٹر روب واٹسن کا کہنا ہے کہ یہ ٹیکنالوجی 2050 تک کاربن کی آلودگی کو ختم کرنے میں ایک اہم کردار ادا کریگی۔

یاد رہے چند روز قبل یورپ کی طیارے بنانے والی کمپنی ایئر بس نے ہائیڈروجن کو بطور ایندھن استعمال کرنے والے ایسے طیارے کا ماڈل متعارف کروایا ہے جس سے زہریلی گیسوں کا اخراج نہیں ہو گا بلکہ یہ پانی خارج کریں گے۔ ایئربس کمپنی کے مطابق یہ طیارے 2035 میں اڑان بھرتے نظر آئیں گے جبکہ ان میں 200 مسافر سفر کر سکیں گے۔