کوپن ہیگن:(روزنامہ دنیا) ڈنمارک میں ایک بالکل نئے کثیرالمنزلہ کھیت یعنی ‘‘ورٹیکل فارم’’ کا آغاز ہوگیا ہے جس کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ یہاں سے ہر سال مختلف سبزیوں، پھلوں اور دیگر غذائی اجناس کی 1000 ٹن پیداوار ہوسکے گی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ کثیرالمنزلہ کھیت ڈنمارک کی ‘‘نورڈِک ہارویسٹ’’ کمپنی نے تائیوان کے ‘‘یس ہیلتھ گروپ’’ کے اشتراک سے کوپن ہیگن کے نواحی علاقے میں تعمیر کیا ہے جہاں تمام کا تمام پیداواری عمل ایک چھت کے نیچے کیا جاتا ہے۔
اس میں کئی اونچی اونچی الماریاں ہیں جبکہ ہر الماری میں اوپر تلے 14 شیلف نصب ہیں جنہیں مختلف زرعی اجناس اُگانے کیلئے استعمال کیا جاتا ہے ۔ ان تمام الماریوں کا مجموعی ‘‘زیرِ کاشت رقبہ’’ 75 ہزار مربع فٹ ہے ۔ یہاں پودے لگانے سے لے کر فصلوں کی دیکھ بھال اور کٹائی تک کے سارے مراحل خودکار روبوٹس انجام دیں گے ۔