لندن: (روزنامہ دنیا) اس سال کووڈ 19 وبا کے باعث سینیٹائزر کی اہمیت روز افزوں بڑھی ہے۔ لیکن ہر جگہ سینی ٹائزر کی بوتل لے جانا بہت آسان نہیں ہے، اس کا حل اب سپرے کیئر بینڈ کی صورت میں پیش کیا گیا ہے جو ایک گھڑی نما آلہ ہے اور بٹن دبانے پر پھوار خارج کرکے ہاتھوں کو جراثیم اور وائرس سے پاک کردیتا ہے۔
جس طرح سپائیڈر میں اپنے ہاتھوں سے جال پھینکتا ہے عین اسی طرح اب کلائی سے سینیٹائزر کا سپرے خارج ہوتا ہے۔ صرف ایک مرتبہ چھونے سے کلائی میں بندھا ڈسپینسر سینی ٹائزر کی پھوار پھینکتا ہے اور آپ کے ہاتھوں اور اطراف کے مقامات کو جراثیم سے پاک کر دیتا ہے۔
اسی آلے کو مختلف تیل، پرفیوم اور مچھر بھگانے والے مائع سے بھی بھرا جاسکتا ہے۔ سپرے کیئر میں 80 ایم اے ایچ لیتھیئم بیٹری نصب ہے اور یو ایس بی سے چارج ہوتا ہے۔