پاکستانی نژاد کینیڈین ڈاکٹر کا بڑا کارنامہ، کورونا کی تشخیص کیلئے نیا طریقہ ایجاد کر لیا

Published On 18 December,2020 07:04 pm

اوٹاوا: (دنیا نیوز) پاکستانی نژاد کینیڈین ڈاکٹر نقیب خالد نے بڑا کارنامہ سرانجام دیتے ہوئے کووڈ 19 وائرس کی تشخیص کیلئے نیا طریقہ ایجاد کر لیا ہے۔ کم وقت اور سستے طریقے سے اس موذی وائرس کا ٹیسٹ کیا جا سکے گا۔

کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں مقیم پاکستانی نژاد کینیڈین ڈاکٹر نقیب خالد نے سمارٹ فون کا استعمال کرتے ہوئے کووڈ 19 کا فوری تشخیصی ٹیسٹ متعارف کروایا۔ وہ مونٹریال میں ٹو فوٹون ریسرچ اِن کارپوریٹڈ میں ڈائریکٹر میڈیکل ڈیوائس پروگرام کی حیثیت سے اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔

کینیڈا میں پاکستان کے ہائی کمشنر رضا بشیر تارڑ نے ڈاکٹر نقیب خالد کو اس غیر معمولی کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔ دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سمارٹ فون کے ذریعے کووڈ ٹیسٹ ظاہر کرنا لیب کی دنیا میں انقلاب برپا کر دے گا۔ کم وقت اور کم خرچ میں اس موذی وائرس کا پتا لگایا جا سکے گا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ جھنجھٹ سے آزاد، قابل رسائی اور سستی ایجاد موجودہ عالمی وبا پر قابو پانے اور وائرس پھیلنے والے وبائی امراض مثلاً ڈینگی سے لڑنے میں انسانیت کیلئے بے حد معاون ثابت ہوگی۔