ہوا بھرنے اور کھینچنے والا دنیا کا سب سے چھوٹا ایئرپمپ

Published On 17 December,2020 12:43 pm

نیویارک:(روزنامہ دنیا) ’’گیگا پمپ ٹو‘‘ دنیا کا سب سے چھوٹا پمپ ہے جو ہوا بھرتا ہے ، کھینچتا ہے یعنی یہ ویکیوم پمپ بھی ہے اور سب سے بڑھ کر اس میں ایک طاقتور ٹارچ بھی لگی ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک وقت میں تین ایجادات والا یہ غیر معمولی آلہ روزمرہ زندگی کے کئی کام آسان بناسکتا ہے ۔ اس کی سب سے اہم بات یہ ہے کہ ٹائر میں ہوا بھری جاسکتی ہے ۔ کسی شے سے ہوا کو باہر نکالا جاسکتا ہے ۔ اس میں لگی ٹارچ تین انداز سے روشن ہوتی ہے ۔اس ایجاد کی جسامت اتنی چھوٹی ہے کہ یہ جیب میں سماسکتا ہے ۔ تیزرفتار ہوا پھینکنے کیلئے اس میں پانچ طرح کے نوزل لگائے گئے ہیں ۔

سب سے اہم بات یہ ہے کہ اسے یوایس بی ٹائپ سی سے چارج کیا جاسکتا ہے اور اس کی بیٹری بھی بڑی دیرپا ہے ۔یہ چھوٹا سا پمپ یوگا چٹائی، کھیلنے کی گیند، تالاب کے ٹائر اور بڑی جسامت کے ہوائی بستروں کو تیزی سے پھلا سکتا ہے ، اس کی ٹارچ ایک گھنٹے میں 400، اڑھائی گھنٹے میں 160 اور 10 گھنٹے تک 40 لیومن کے قریب روشنی دینے کی اہلیت رکھتی ہے اس لئے اسے برقی لالٹین کا نام دیا گیا ہے۔

پمپ مکمل طور پر واٹر پروف ہے اور ایک منٹ میں 180 لٹر کے برابر ہوا خارج کر سکتا ہے، اس کی قیمت 34 ڈالر رکھی گئی ہے۔