اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ معذور افراد کے لئے معاون ٹیکنالوجی کو عالمی اور علاقائی سطح پر پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ خصوصی افراد کی معاون ٹیکنالوجی تک رسائی میں بہتری لانے اور مالی اور معاشرتی طور پر قومی دھارے میں شریک کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے زیرِ صدارت معذور افراد کے لئے معاون ٹیکنالوجی پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں عالمی ادارہ صحت کے نمائندہ ڈاکٹر پلیتھا ماہی پالا اور ایم ڈی پاکستان بیت المال عون عباس بپی نے شرکت کی۔ اجلاس میں عالمی ادارہ صحت اور وفاقی وزارتِ صحت کے اعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے۔
ڈاکٹر پلیتھا ماہی نے صدر مملکت کو معذور افرادکے لئے معاون ٹیکنالوجی پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس کو معاون ٹیکنالوجی کے حوالے سے عالمی ادارہ صحت کے اقدامات کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔
اعلامیے کے مطابق معذور افراد کے لئے معاون ٹیکنالوجی کے تحت، سماعت ، نقل وحرکت سمیت چھ بنیادی خدمات فراہم کرے گی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ معذور اور متعدی امراض سے متاثرہ افراد تک جدید ٹیکنالوجی کے فوائد پہنچانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ معذور افراد کی عاوِن ٹیکنالوجی تک رسائی کو بہتر بنا کر ان کو درپیش چیلنجزسے نمٹا جا سکتا ہے۔ معذور افراد معاون ٹیکنالوجی کے استعمال سے اپنے لیے آسانیاں پیدا کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ معذور افراد کیلئے معاون ٹیکنالوجی کوعالمی اور علاقائی سطح پر پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ خصوصی افراد کی معاون ٹیکنالوجی تک رسائی میں بہتری لانے اور مالی اور معاشرتی طور پر قومی دھارے میں شریک کرنے کیلئے بھی اقدامات کر رہے ہیں۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے معاون ٹیکنالوجی برائے معذور افراد کےحوالہ سے تعاون بڑھانے پرعالمی ادارہ صحت کی کاوشوں کو سراہا۔