لاہور: (ویب ڈیسک) چینی ٹیکنالوجی کمپنی ون پلس نے ایک سیٹ لانچ کیا ہے جس کی بیک سائیڈ کا رنگ حرکت کے ساتھ تبدیل ہوتا رہتا ہے۔
ون پلس کے سمارٹ فون میں رنگوں کی تبدیلی الیکٹرانک ایفیکٹس کے ذریعے ہوتی ہے۔ اس مقصد کے لیے فون کی بیک سائیڈ پر سینسر نصب کئے گئے ہیں۔ صرف یہی نہیں کالز آنے کی صورت میں بھی یہ انوکھا فون اپنا رنگ تبدیل کرنے کی صلاحٰت رکھتا ہے۔
فون کا ریڈار آپ کے سانس لینے کو پہچان سکتا ہے اور اس کے ساتھ مناسب وقت میں اس کا رنگ بھی تبدیل ہوجاتا ہے، اس سے فون موثر بائیو فیڈ بیک آلہ بن جاتا ہے۔ آپ اس کی سیٹنگز میں جا کر فون کے پچھلے حصے کا رنگ کسی خاص کال کی مناسبت سے بھی لگا سکتے ہیں اور اس کا رنگ دیکھ کر صارف فون کو چھوئے بغیر ہی کال کو اشارے سے اٹینڈ یا مسترد کر سکے گا۔ ون پلس موبائل اپنے ریڈار کا استعمال مختلف اشیا کی نقل وحرکت سے باخبر رہنے کے لیے بھی کرتا ہے۔
عملی طور پر یہ پکسل 4 کی ریڈار سے چلنے والی موشن سینس ٹیکنالوجی کی طرح ہے جس سے آپ فون پر ہاتھ پھیر کر میوزک کلپ یا الارم کو خاموش کرسکتے ہیں۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ ایم ایم ویو ٹیکنالوجی 5 جی سے لی گئی ہے لیکن ریڈار یونٹ فون میں کسی بھی ایم ایم ویو مواصلاتی یونٹ سے الگ ہے۔