نیویارک: (اے پی پی) اقوام متحدہ میں انسانی حقوق کے ماہر فرنینڈ ڈی ویرینس نے فیس بک کے نگرانی بورڈ سے مطالبہ کیا ہے کہ آن لائن نفرت انگیز مواد آج انسانی وقار اور زندگی کے لیے انتہائی اہم چیلنج ہے اس لیے متنازع مواد اور خاص طور پر نفرت انگیز مواد سے متعلق فیصلے کرنے سے قبل مذہبی، لسانی اقلیتوں ، نسلی حقوق پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
اقوام متحدہ کے اقلیتوں کے مسائل کے خصوصی رپورٹرفرنینڈ ڈی ویرینس نے کہا کہ اقلیتیں آن لائن نفرت انگیز تقریر کا سب سے زیادہ ممکنہ ہدف ہیں اور اقلیتوں کے خلاف آن لائن نفرت انگیز مواد اکثر دنیا کو شدید نقصان پہنچاتی ہے اور یہ نسل کشی اور قتل عام کا باعث بھی بن سکتا ہے۔
انہوں نے فیس بک کے نگرانی بورڈ کے حالیہ اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس نے نفرت انگیز مواد کو ہٹانے کے لیے 6 اپیلیں منظور کی ہیں کیونکہ نفرت انگیز مواد آج انسانی وقار اور زندگی کے لیے انتہائی اہم چیلنجز میں سے ایک ہے۔
اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ماہر فرنینڈ ڈی ویرینس نے کہا کہ نفرت انگیز مواد پر فیس بک کے معاشرتی معیار اقوام متحدہ کی سٹریٹجی اور پلان آف ایکشن پر مبنی ہونے چاہیئں جس کے تحت بین الاقوامی قوانین اور لسانی اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ کیا جائے۔
انہوں نے فیس بک کے نگرانی بورڈ سے مطالبہ کیا کہ وہ آن لائن اظہار رائے خاص طور پر نفرت انگیز مواد کی نگرانی کے لیے منظم اور ٹھوس اقدامات کرے جو دنیا بھر میں اقلیتوں کے موثر تحفظ کے لیے بہت ضروری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ آن لائن نفرت انگیز مواد کی روک تھام اور اقلیتوں سے متعلق مسائل کے حل کے لیے فیس بک کے نگرانی بورڈ کے ساتھ تعمیری کام جاری رکھیں گے۔
فیس بک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مارک زوکر برگ نے کہا کہ فیس بک کا نگرانی بورڈ اس کا اپنا سپریم کورٹ ہے جو ایک آزاد ادارے کے طور پر فیس بک کے اعتدال پسند فیصلوں پر نظرثانی کرتا ہے۔