پاکستان میں برقی توانائی سے چلنے والی گاڑیوں کی تیاری کا آغاز

Published On 22 December,2020 08:58 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل کمپنیوں نے پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری کا آغاز کر دیا ہے۔

خبر رساں ویب سائٹ دی انڈیپینڈنٹ میں چھپنے والی رپورٹ کے مطابق فواد چودھری نے بتایا ہے کہ انہوں نے ایک ایسی ریگولیٹری باڈی کے قیام کا مشورہ دیا ہے جس کی بدولت آئندہ پانچ سال کے اندر اندر پچیس فیصد گاڑیوں کو الیکٹرک میں تبدیل کر دیا جائے گا۔

ان کا کہنا ہے کہ غیر ملکیوں کیساتھ ساتھ پاکستان کی مقامی کمپنیوں کو بھی الیکٹرک گاڑیاں تیار کرنے کیلئے رعایات اور ترغیب دی جائے گی۔ صرف ایک سال کے اندر اندر اس پر کام ہوتا سب کو نظر آئے گا۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان آلودگی کے بڑھتے خطرات کو کم کرنے کیلئے بہت زور دیتے ہیں۔ اس کیلئے ان کی جانب سے شروع کیا گیا بلین ٹری منصوبہ اب دنیا کیلئے مثال بن چکا ہے۔ حکومت کی جانب سے حالیہ اٹھائے گئے اقدامات بھی اس منصوبے کا حصہ ہیں۔ حکومت چاہتی ہے کہ ملک میں گیسوں کے اخراج کو کم سے کم کرتے ہوئے الیکٹرک گاڑیوں کو متعارف کرویا جائے۔