ڈیسک ٹاپ پر بھی واٹس ایپ ویڈیو کال کرنے کی سہولت

Published On 21 December,2020 07:02 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) سماجی رابطوں کی مشہور ایپ واٹس ایپ نے بھی اپنے صارفین کیلئے ڈیسک ٹاپ پر ویڈیو کال کی سہولت متعارف کروانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق واٹس ایپ اپنے صارفین کیلئے ڈیسک ٹاپ پر ویڈیو کال کرنے کی سہولت کو آئندہ سال متعارف کروائے گا۔ اس اقدام سے واٹس ایپ ویڈیو کانفرنسنگ کی بڑی سروس جیسے زوم اور گوگل میٹ کے مقابلے آ جائے گا۔

واٹس ایپ کی ڈیسک ٹاپ پر ویڈیو کال کرنے کی سہولت ابھی تجرباتی طور پر کی جا رہی ہے۔ خیال رہے کہ واٹس ایپ کا شمار دنیا کی مشہور ترین ایپس میں ہوتا ہے۔ اس سے منسلک اربوں افراد ایک دوسرے سے رابطے میں رہنے کیلئے اس کا استعمال کرتے ہیں۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس کی پہلی لہر میں زوم اور گوگل میٹ کی مقبولیت آسمان کو چھونے لگی تھی۔ دفاتر کے کاموں سے لے کر شادی بیاہ کی تقریبات تک، سب زوم پر ہو رہا تھا۔ زوم ویڈیو کمیونیکیشنز انکارپوریشن کا کہنا ہے کہ وہ چھٹیوں کے دنوں کے لیے مفت پر چلنے والے اکاؤنٹس پر سے 40 منٹ کی پابندی ہٹا رہا ہے۔ اسی طرح گوگل میٹ نے کہا ہے کہ اس کے مفت میں سروس استعمال کرنے والے صارفین مارچ تک 60 منٹ کی حدود سے زیادہ بات کرسکتے ہیں۔