بیجنگ:(روزنامہ دنیا) چینی سائنسدانوں نے دریافت کیا ہے کہ فضائی آلودگی صرف پھیپھڑوں اور دل کیلئے ہی خطرناک نہیں بلکہ یہ گردوں کی دائمی بیماری کی وجہ بھی بن سکتی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق سائنس دانوں نے 47,000 سے زائد بالغ چینی شہریوں کی صحت سے متعلق دو سالہ اعداد و شمار کا تجزیہ کرنے کے بعد مذکورہ نتائج حاصل کئے ہیں ۔بیجنگ کی پیکنگ یونیورسٹی میں کئے گئے اس مطالعے میں ‘‘پی ایم 2.5’’ کی طویل مدتی فضائی موجودگی اور انسانی صحت میں تعلق کے علاوہ گردوں پر ان کے اثرات کا بطورِ خاص جائزہ لیا گیا ہے ۔
اس تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ شہروں میں رہنے والے بالغ مردوں اور صحت مند بالغ افراد کے گردوں کو ‘‘پی ایم 2.5’’ کی طویل مدتی فضائی آلودگی سے زیادہ خطرہ ہوتا ہے ۔ اگر آلودہ ذرات ہمارے جسم میں داخل ہو جائیں تو پھیپھڑوں اور دل کی بیماریوں کا تو سبب بنتے ہی ہیں بلکہ گردوں کے بھی مستقل دائمی بیماری میں مبتلا کر سکتے ہیں۔ مطالعے سےیہ بات بھی سامنے آئی کہ تقریبا 5100 افراد گردے کی مستقل بیماری میں مبتلا ہو گئےجبکہ کئی دیگر افراد میں گردوں کی بیماری کا خطرہ بڑھ گیا۔
مطالعے کی بنیاد پر سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ حکومتی پالیسی سازوں کو فضائی آلودگی کے معاملے میں بہت زیادہ سنجیدگی اختیار کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ شہریوں کے مہلک امراض میں مبتلا ہونے کے خطرات کا سبب بن رہی ہے۔