تاریک تیزابی غار میں کن کھجورے کی نئی قسم دریافت

Published On 22 December,2020 01:11 pm

رومانیہ:(روزنامہ دنیا) رومانیہ میں کئی برس قبل ایک تاریک اور باقی ماحول سے الگ تھلگ غار دریافت ہوا تھاجس میں اب ایک غذائی زنجیر کے اوپر بیٹھا عجیب و غریب کن کھجورا دریافت ہوا ہے ۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ کن کھجورا اس مقام کا سب سے بڑا جانور ہے ۔ دورافتادہ علاقے میں موجود مووائل نامی یہ غار بہت تاریک ہے جہاں دھوپ اور روشنی نہیں پہنچتی ۔ ماہرین نے غار کے اندر کا نظام ‘جہنم’ سے تعبیر کیا ہے جو خود انسانوں کیلئے جان لیوا ثابت ہوسکتا ہے۔

اسی غار میں سب سے بڑا جاندار کن کھجورا ہے جس کی لمبائی 46 سے 52 ملی میٹر نوٹ کی گئی ہے اور یہ جانور غذائی زنجیر میں سب سے بلندی پر موجود ہے ۔ سائنسدانوں کے مطابق یہاں پائے جانے والا کن کھجورا فعلیاتی اور جینیاتی لحاظ سے اپنے دیگر ساتھیوں سے بالکل مختلف ہے ۔ لاکھوں کروڑوں سال میں یہ بالکل نئی نوع ہے جو اس سے قبل کبھی نہیں دیکھی گئی تھی۔