اسلام آباد: (دنیا نیوز) بائیس ارب ڈالر کی عالمی ڈرونز مارکیٹ میں پاکستان نے انٹری ڈال دی ہے۔ پاکستان کی پہلی ڈرون پالیسی کے اہم نکات سامنے آگئے ہیں۔ ڈرون کے استعمال کی اجازت کیلئے اتھارٹی بنائی جائیگی۔
ذرائع کے مطابق زرعی، تحقیقاتی اور ماننٹرنگ کیلئے ڈرونز کے استعمال کی اجازت دی جائیگی۔ اس کے علاوہ سیکورٹی مقاصد، نگرانی اور دہشتگردی کی روک تھام کیلئے بھی ڈرونز کی اجازت ہوگی۔
اتھارٹی ڈرونز کی لائسنسنگ، آپریشنز اور مانیٹرنگ کا طریقہ کار طے کرے گی۔ اتھارٹی ڈرونز کی درآمد، استعمال کیلئے قواعد تیار جبکہ فلائی اور نان فلائی زونز کا تعین کرے گی۔
وزارت سائنس، دفاع، داخلہ اور صنعت وپیدوار کے نمائندے اس اتھارٹی میں شامل ہونگے۔ اس کے علاوہ سول ایوی ایشن، فوڈ سیکورٹی اور فریکونسی ایلوکیشن بورڈ کے نمائندوں کو بھی اس میں شامل کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ پاکستان میں 8 ہزار ڈرونز غیر قانونی طور پر استعمال ہو رہے ہیں۔ ڈرونز پالیسی سے ہزاروں ملازمتوں کے مواقع پیدا ہونگے۔