کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں تقریباً دو ارب سے زائد صارفین کی پسندیدہ ایپ واٹس ایپ نے رواں سال اپنے کچھ ایسے فیچرز متعارف کرائے جو بہت پسند کئے گئے۔
2020ء میں سب سے پہلے واٹس ایپ میں ڈارک موڈ کا اضافہ کیا گیا۔ اس فیچر سے موبائل فونز کی بیٹریوں کی کارکردگی بہتر بنانے میں مدد ملتی ہے۔ اس کے علاوہ گروپ ویڈیو کالز میں لوگوں کی حد 8 تک بڑھائی گئی جس کی مدد سے کورونا وبا کے دوران لوگوں کو اپنے پیاروں سے اکھٹے مل کر بات چیت کرنے کا موقع ملا جبکہ اس کے ذریعے ویبینار بھی منعقد کئے جا سکے۔
واٹس ایپ نے رواں سال میسجز کو غائب کرنا ممکن بنایا، اس نئے فیچر کو گزشتہ ماہ نومبر میں متعارف کرایا گیا تھا۔ اس فیچر کی مدد سے میسجز کو سات دنوں میں غائب کیا جا سکتا ہے۔
واٹس ایپ نے صارفین کیلئے سٹوریج کا انتظام اب زیادہ آسان بنا دیا ہے۔ اس کے علاوہ کسی بھی رابطہ نمبر کو ہمیشہ کیلئے بند کرنے کا فیچر بھی سامنے آیا جسے اکتوبر میں صارفین کیلئے متعارف کرایا گیا تھا۔