مزید آئی ٹی پارکس کے قیام میں مدد کرینگے، چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم باجوہ

Published On 31 December,2020 05:09 pm

اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ مزید انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) پارکس کے قیام میں مدد کرینگے۔

تفصیل کے مطابق وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی سید امین الحق سے چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے ملاقات کی۔ سید امین الحق نے کہا کہ سی پیک کے تمام منصوبوں کیلئے وزارت آئی ٹی بھرپور تعاون کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ آئی ٹی پارکس کے ذریعے بہترین پروفیشنلز سی پیک کیلئے نہایت کار آمد ہو سکتے ہیں، جس طرح سی پیک ایک گیم چینجر ہے، آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام میں انقلابی اقدامات بھی معیشت میں گیم چینجر بنیں گے۔

عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ گلگت بلتستان میں آئی ٹی پارک سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں، اس طرز پر مزید پارکس کے قیام میں مدد کریں گے۔ متعدد چینی کمپنیاں آئی ٹی اور فائبر آپٹکس کے منصوبوں میں دلچسپی رکھتی ہیں۔

اس موقع پر سیکرٹری آئی ٹی شعیب احمد صدیقی نے چیئرمین سی پیک اتھارٹی کو مختلف آئی ٹی پراجیکٹس سے آگاہ کیا۔