نئی جاپانی گاڑی متعارف، گھر کی بجلی کیلئے بطور جنریٹر استعمال بھی ممکن

Published On 30 December,2020 10:02 pm

ٹوکیو: (ویب ڈیسک) جاپان کی مشہور کار مینوفیکچرنگ کمپنی ٹویوٹا نے ایک نئی گاڑی متعارف کرا دی ہے۔ پلس پوڈ نامی یہ گاڑی چھوٹی ہونے کے باوجود بہت سی خصوصیات کی حامل ہے۔ اس گاڑی میں پیٹرول یا گیس کی بجائے بجلی سے چلنے کی صلاحیت ہے۔

ٹویوٹا کی جانب سے متعارف کرائی گئی اس چھوٹی سی گاڑی میں صرف دو افراد ہی سفر کر سکیں گے۔ کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اتنی چھوٹی گاڑی کو الیکٹرک سہولیات سے مزین کرنے کا مقصد ایندھن کو بچا کر ماحول کو صاف ستھرا رکھنے کی ابتدائی کوشش ہے۔

کمپنی کو امید ہے کہ اس اقدام سے لوگوں میں الیکٹرک گاڑیوں کی افادیت بڑھے گی اور پیٹرول اور ڈیزل سے چلنے والی گاڑیوں کی بجائے ان پر توجہ ہوگی۔ خیال رہے کہ دنیا کی بڑی بڑی کمپنیاں اب آلودگی سے جان چھڑانے کیلئے اپنی انڈسٹری کو الیکٹرک گاڑیوں پر منتقل کر رہی ہیں۔

نجی ویب سائٹ کے مطابق ٹویوٹا کمپنی کی نئی گاڑٰی پلس پوڈ کی قیمت پاکستانی کرنسی میں تقریباً پچیس لاکھ روپے ہوگی۔ ابھی اس گاڑی کو عام صارفین کیلئے متعارف نہیں کرایا گیا ہے، امید کی جا رہی ہے کہ 2022ء تک اسے عام صرف بھی استعمال کر سکیں گے۔

پلس پوڈ گاڑی کو اگر مکمل چارج کیا جائے تو یہ تراونے میل تک سفر کرنے کے قابل ہو گی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اسے بطور جنریٹر بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اس گاڑی میں ایک گھر کو مسلسل دس گھنٹے بجلی فراہم کرنے کی صلاحیت ہے۔