گمراہ کن مواد کی روک تھام، ٹک ٹاک نے نیا فیچر متعارف کرا دیا

Published On 03 February,2021 10:23 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) دنیا کی مشہور ویڈیو سٹریمنگ ایپ ٹک ٹاک نے ایسا نیا فیچر متعارف کرایا ہے جس کی مدد سے گمراہ کن مواد کا پھیلاؤ روکنے میں مدد مل سکے گی۔

چینی ویڈیو سٹریمنگ ایپ کمپنی کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ متعارف کرائے گئے اس نئے فیچر سے غیر مصدقہ مواد کی روک تھام کی جا سکے گی۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ صارفین جب غیر مصدقہ معلومات پر مبنی ویڈیوز کو شیئر کریں گے تو ایک وارننگ نظر آئے گی۔ اگر صارف چاہے یا تو وہ اسے شیئر کر سکے گا۔ ٹک ٹاک اس ویڈیو کو سب سے پہلے شیئر کرنے والے کو بھی بتائے گا کہ اسے فلیگ کیا گیا ہے۔

ٹک ٹاک کو توقع ہے کہ اس فیچر سے صارفین کی جانب سے شیئر کرنے کے حوالے سے غور کیا جائے گا اور غیرمصدقہ مواد کی شیئرنگ میں کمی آئے گی۔

کمپنی نے بتایا کہ ابتدائی ٹیسٹ میں اس فیچر کے نتیجے میں وارننگ ویڈیوز کو شیئر کرنے کی شرح میں 24 فیصد کمی دیکھنے میں آئی۔

اس طرح کا فیچر ٹوئٹر کی جانب سے بھی متعارف کرایا گیا ہے جس کا مقصد صارفین میں مضامین پڑھنے سے قبل پڑھنے کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ ٹوئٹر نے بھی اس فیچر کو آزمائشی مراحل میں کامیاب قرار دیا تھا۔