کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) امریکا کی خلائی کمپنی ایکسیوم سپیس نے لوگوں کو عالمی خلائی سٹیشن پر لے جانے کیلئے پہلی پرواز کا اعلان کر دیا ہے، اس کی ٹکٹ کی قیمت ساڑھے 5 کروڑ ڈالر ہوگی۔ مسافر 8 روز تک خلا پر قیام کر سکیں گے۔
غیر ملکی نیوز ویب سائٹ دی انڈیپینڈنٹ میں چھپنے والی خبر کے مطابق یہ خلا میں جانے والی پہلی کمرشل فلائٹ ہوگی۔
ایکسیوم سپیس نے اس پہلے مشن کا نام ایکسیوم مشن ون یا اے ایکس ون رکھا گیا ہے۔
اس مشن کی قیادت مائیکل لوپیز الیجریا کریں گے جو ناسا کے خلا باز اور ایکسیوم کے نائب صدر رہ چکے ہیں۔ وہ اپنے کیریئر میں چار بار خلا کا سفر کر چکے ہیں۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ پہلی بار ایک ایسی نجی پرواز بھیجے گی جس کی منزل زمین کا زیریں مدار ہو اس عملے کا ہر رکن اپنے ٹکٹ کے لیے ساڑھے پانچ کروڑ ڈالرز ادا کرے گا۔