یوٹیوب کی ٹک ٹاک کو ٹکر، اپنی ویڈیو شیئرنگ ایپ متعارف کرا دی

Published On 27 January,2021 09:34 pm

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) دنیا کی سب سے مشہور ویڈیو ویب سائٹ یوٹیوب نے چینی کمپنی ٹک ٹاک کو ٹکر دیتے ہوئے اپنی نئی ایپ متعارف کرا دی ہے، جس نے آتے ہی دنیا بھر کے لوگوں کی توجہ حاصل کر لی ہے۔ اس ایپ کو یوٹیوب شارٹس کا نام دیا گیا ہے۔

یوٹیوب شارٹس کو فی الحال آزمائشی طور پر متعارف کرایا گیا ہے۔ اس کی پسندیدگی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ آزمائش کے پہلے ہی روز اس ویڈیو شیئرنگ ایپس پر صارفین نے لگ بھگ ساڑھے 3 ارب مرتبہ ویڈیوز کو دیکھا ہے، جو ایک اب تک کا ایک ریکارڈ ہے۔

یوٹیوب کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ہمیں اس ایپ کے آزمائشی تعارف کو جس پسندیدگی کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے وہ بہت حوصلہ افزا ہیں اور اس بات کی ضمانت ہیں کہ یوٹیوب شارٹس کامیاب ہوگی۔ اس ویڈیو ایپ کے ذریعے لوگ اپنی مختصر فلم سازی کو اپ لوڈ کر سکیں گے۔

خیال رہے کہ یوٹیوب نے گزشتہ سال ٹک ٹاک کی نقالی کرتے ہوئے ایک ویڈیو شیئرنگ ایپ’شارٹس‘ متعارف کرایا تھا۔ اب یوٹیوب کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ اس ایپ کی سب سے پہلے بھارت میں آزمائش کی جائے گی۔ خیال رہے کہ بھارت نے حال ہی میں ٹک ٹاک سمیت درجنوں چینی ایپس کو مستقل طور پر بلاک کر دیا ہے۔ یہ باتیں پہلے سے ہی زیر گردش تھیں کہ انڈین حکومت کی جانب سے کہ اقدام اپنی ایپس کو مارکیٹ میں لانے کیلئے اٹھایا جا رہا ہے، جو وقت گزرنے کیساتھ ساتھ سچ ثابت ہو رہا ہے۔