آئی فونز کی ترسیل میں 22 فیصد اضافہ ریکارڈ

Published On 28 January,2021 09:20 pm

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) امریکی کمپنی ایپل مصنوعات فروخت کرنے والی دنیا کی سب سے بڑی کمپنی بن گئی ہے کیونکہ آئی فونز کی ترسیل میں 22 فیصد ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔

خیال رہے کہ آئی فون 12 میں فائیو جی کی سہولت بھی موجود ہے۔ چین میں بھی آئی فون کے نئے ماڈل کی طلب میں بے حد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

چینی موبائل کمپنی شیومی فروخت کے حساب سے تیسری بڑی کمپنی ہے جبکہ اوپو کمپنی کا شمار چوتھے نمبر پر ہوتا ہے۔ شیومی کی مصنوعات کی ترسیل میں 32 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ ہواوے اب پانچویں نمبر پر ہے۔

ایپل کا منافع پہلی مرتبہ 100 ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا ہے، جبکہ چین بشمول ہانگ کانگ اور تائیوان سے حاصل ہونے والا منافع 57 فیصد سے زیادہ ہو گیا ہے۔ چین میں ہواوے مصنوعات کی سپلائی ناکافی ہونے کا ایپل نے بھرپور فائدہ اٹھایا ہے۔

چوتھی سہ ماہی میں 9 کروڑ سے زائد آئی فون ترسیل کیے گئے ہیں، جو کسی بھی سہ ماہی میں ریکارڈ ہونے والی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ اس کے بعد ایپل کمپنی کا عالمی مارکیٹ میں حصہ 23.4 فیصد ہو گیا ہے۔