کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) واٹس ایپ نے اپنے فیچر واٹس ایپ سٹیٹس کو اپنی نئی پالیسی کے حوالے سے صارفین کے خدشات کو دور کرنے کے لیے استعمال کرنا شروع کر دیا ہے۔
نئے پالیسی پر صارفین کا شدید ردعمل سامنے آیا جس کے بعد واٹس ایپ کی جانب سے کئی وضاحتیں دی گئیں۔ خیال رہے کہ واٹس ایپ نے رواں ماہ 4 جنوری کو اعلان کیا تھا کہ وہ اپنی پرائیویسی پالیسی کو اپ ڈیٹ کرے گا اور نئی پالیسی کے مطابق واٹس ایپ صارفین کا ڈیٹا نہ صرف استعمال کرے گا بلکہ اسے فیس بک کے ساتھ شیئر بھی کرے گا۔
اگرچہ اس اقدام کو صارفین کے خدشات کو دور کرنے کی ایک کوشش کہا جا سکتا ہے لیکن واٹس ایپ نے اس بات کا کوئی اشارہ نہیں دیا کہ وہ اپنی نئی پرائیویسی پالیسی کو ختم کرنے کا کوئی ارادہ رکھتا ہے۔
سوشل میڈیا صارفین نے واٹس ایپ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ واٹس ایپ نے ٹیلی گرام کو کاپی کیا ہے ، ٹیلی گرام بھی سٹیٹس اپڈیٹ کے ذریعے صارفین کو مطلع کرتا ہے۔
واٹس ایپ نے اپنے سٹیٹس کے ذریعے صارفین کو اس بات کی یقین دہانی کروائی ہے کہ ان کا نجی ڈیٹا واٹس ایپ کے پاس محفوظ رہے گا۔ سٹیٹس پر سامنے آنے والے نوٹیفیکشن میں بتایا جا رہا ہے کہ ’ واٹس ایپ کی ساری نئی اپڈیٹس اب سٹیٹس فیچر کے ذریعے صارفین تک پہینچائی جائیں گی۔
ایپلیکیشن کی جانب سے صارفین کو مزید بتایا گیا ہے کہ واٹس ایپ صارف کے پرائیویٹ میسیجز یا کالز نہیں سن سکے گا نہ فیس بک ایسا کر سکے گا کیونکہ یہ اینڈ ٹو اینڈ انکریپٹڈ ہیں۔