کینبرا: (ویب ڈیسک) فیس بک نے آسٹریلیا میں خبر رساں اداروں کے مواد پر پابندی عائد کر دی ہے، یہ اقدام آسٹریلوی حکومت کیساتھ چلنے والے تنازع کی وجہ سے اٹھایا گیا ہے۔
فیس بک کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آسٹریلوی حکومت کا مجوزہ قانون ہمارے پلیٹ فارم اور ان پبلشرز کے درمیان تعلقات کے بنیادی حقوق کے مطابق نہیں جو اپنی خبریں ہمارے پلیٹ فارم کے ذریعے شیئر کرتے ہیں۔
خیال رہے کہ آسٹریلوی حکومت فیس بک اور گوگل سمیت ٹیکنالوجی کمپنیوں کو اپنی ویب سائٹ پر نیوز شیئرنگ کے عوض پیسے دینے کے لیے راضی کرنے کی کوشش کر رہی ہے جبکہ اس قانون کے تحت کمپنیوں کو مجبور کیا جائے گا کہ وہ میڈیا کمپنیوں کے ساتھ ڈیل کریں اور ان کے لیے فیس مقرر کریں۔
فیس بک کا کہنا ہے کہ حکومت کے مجوزہ قانون کا پابند کرنے کی کوشش فیس بک اور پبلشرز کے تعلقات کی حقیقت کو نظر انداز کرتی ہے اس لیے آسٹریلوی حکومت کے اس اقدام نے ہمیں یکطرفہ فیصلے پرلاکھڑا کردیا ہے کہ ہم آسٹریلیا میں خبروں کے مواد کو شیئرکرنے کی اجازت اب ختم کردیں۔
دوسری جانب آسٹریلوی وزیراعظم نے فیس بک کے اقدام پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ آسٹریلیا فیس بک کے صارفین کے لیے نیوز فیڈ بند کرنے سے فیس بک کی دھمکی میں نہیں آئے گا۔
ادھر گوگل نے بھی آسٹریلیا میں اپنی سروس بند کرنے کی دھمکی دی ہے جب کہ ساتھ ہی ریونیو شیئرنگ کے لیے پبلشرز کے ساتھ معاہدے بھی شروع کردیے ہیں۔