دنیا کے امیر ترین افراد کے ٹویٹر اکاؤنٹس ہیک کرنیوالے نوجوان کو 3 سال قید

Published On 18 March,2021 06:55 pm

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) بل گیٹس، ایلون مسک، سابق صدر باراک اوباما سمیت دیگر امیر ترین شخصیات کے ٹویٹر اکاؤنٹس ہیک کرکے دولت کمانے والے 18 سالہ نوجوان نے اعتراف جرم کر لیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اس غیر معمولی صلاحیتوں کے مالک نوجوان کا نام گراہم آئیوان ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ جب اس نے دنیا کے بڑے بڑے لوگوں کے ٹویٹر اکاؤنٹس ہیک کئے اس وقت اس کی عمر 17 سال تھی۔

اس نوجوان کیخلاف لگ بھگ 30 الزمات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ پولیس نے ملزم گراہم آئیوان کی جانب سے کرپٹو کرنسی کی صورت میں لوگوں سے فراڈ کے ذریعے ہتھائی گئی تمام رقم برآمد کر لی ہے۔ عدالت نے اسے کم عمری کا فائدہ دیتے ہوئے صرف 3 سال قید کی سزا سنائی ہے۔

اس نوجوان کا تعلق امریکی ریاست فلوریڈا سے ہے جو اپنی سزا میں سے 229 روز پہلے ہی جیل کی سلاخوں کے پیچھے گزار چکا ہے۔

عدالت کی جانب سے گراہم آئیوان کو کم عمری کی وجہ سے یہ سہولت دی گئی ہے کہ وہ اپنی باقی سزا بوٹ کیمپ میں گزار سکتا ہے تاہم اسے پابند کیا گیا ہے کہ وہ قانون نافذ کرنے والوں کے زیر نگرانی رہے گا اور بغیر اجازت موبائل فون یا کمپیوٹر اور لیپ ٹاپ استعمال نہیں کر سکے گا۔ سزا مکمل ہونے تک اس پر یہ پابندی عائد رہے گی۔

 

Advertisement