وزیراعظم کی آئی ٹی کی ترقی کیلئے حکمت عملی کو حتمی شکل دینے کی ہدایت

Published On 05 April,2021 09:03 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ انفارمیشن ٹیکالوجی کے شعبے کی ترقی کے لئے مختصر، درمیانی اور طویل مدتی حکمت عملی کو حتمی شکل دیں۔

وزیراعظم نے اسلام آباد میں ملک میں آئی ٹی کے شعبے کے فروغ کے بارے میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے حکمت عملی پر جلد عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیراعظم نے کہا پاکستان میں آئی ٹی کے شعبے میں بے پناہ مواقع ہیں اور حکومت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ماہرین خصوصاً فری لانسرز کی خدمات حاصل کرنے کے لئے ترجیحی بنیاد پر اقدامات کررہی ہے۔

ملک میں خصوصی ٹیکنالوجی زونز کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس طرح کے زونز کے قیام سے آئی ٹی کے شعبے میں ترقی کی راہ ہموار ہوگی۔

عمران خان نے کہا کہ وباء کے دوران مختلف چیلنجز سامنے آئے ہیں تاہم اس نے آئی ٹی سے منسلک پیشہ ور نوجوانوں کے لئے بھی ان گنت مواقع پیدا کیے ہیں جس سے وہ گھر بیٹھے کام کرسکتے ہیں۔

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ پاکستان کے پاس آئی ٹی کے شعبے میں پانچ ارب ڈالرز زرمبادلہ کمانے کے مواقع موجود ہیں تاہم سہولیات کی عدم دستیابی اور اس شعبے میں نظم و ضبط نہ ہونے کے باعث غیر ملکی زرمبادلہ اس کے پونٹیشل سے کافی کم ہے۔
 

Advertisement